
لاہور (اے ون نیوز)ممتاز دانشور،سینئر صحافی، معروف کالم نگار اور ماہنامہ اردو ڈائجسٹ کے مدیرِ اعلی الطاف حسن قریشی کی نمازِ جنازہ اتوار کے روز نمازِ ظہر کے بعد جامعہ اشرفیہ فیروز پور روڈ میں ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں ،سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، رکن قومی اسمبلی حافظ نعمان ، جماعت اسلامی کے رہنما فرید پراچہ سمیت مختلف سیاسی،سماجی، مذہبی اور صحافتی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کے بعد مرحوم کی تدفین مقامی قبرستان میں کر دی گئی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسن قریشی مرحوم نے قومی صحافت، فکری رہنمائی اور نظریاتی ادب کے فروغ کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم کی تحریریں اور صحافتی خدمات آنے والی نسلوں کیلئے مشعلِ راہ رہیں گی۔ملک محمد احمد خاں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔




