
انقرہ(اے ون نیوز)ترک پولیس نے ہم جنس پرستوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا۔
ترک میڈیا کے مطابق پولیس نے 15 صوبوں میں مشتبہ گھروں، دفاتر اور بارز پر چھاپے مارے، پولیس نے ہم جنس پرست نظریات کے فروغ کی درجنوں ویب سائٹس بھی بند کرادیں۔
ترک حکام کے مطابق پولیس نے ہم جنس پرستوں کے بارز اور نائٹ کلبوں کے ساتھ ایسے حمام کو بھی ہدف بنایا جو جسم فروشی کا اڈہ تھے۔
ترک وزیر انصاف آکن گرلک نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ استغاثہ نے 162 مشتبہ افراد، 9 تنظیموں اور 13 کاروباری اداروں کے خلاف تحقیقات شروع کی ہیں، جن کا مقصد ہمارے بچوں، خاندان کے ادارے اور معاشرتی نظم و ضبط کا تحفظ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا خاندان محفوظ ہے کے نام سے جاری مہم کے تحت کارروائیاں صدر رجب طیب اردوان کے 10 سالہ خاندان اور آبادی کا عشرہ نامی انتظامی حکم کے تحت کی گئیں۔ اس حکم کا مقصد ترکیے میں شرح پیدائش میں مسلسل کمی کا مقابلہ کرنا ہے۔
ترک وزیر انصاف کا مزید کہنا تھا کہ ترک آئین کی جانب سے ریاست کو خاندان اور بچوں کے تحفظ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، اس لیے بچوں، نوجوانوں یا خاندان کو نشانہ بنانے والی کسی بھی مجرمانہ تنظیم، استحصالی نیٹ ورک یا غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائےگا۔




