
اسلام آباد(اے ون نیوز)وفاقی حکومت نے اگلے ایک روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے مسلسل چوتھے روز بھی پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل سستا کردیا ہے۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 06 نومبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 41 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 362 روپے 00 پیسے سے کم ہو کر 352 روپے 59 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 56 پیسے کی کمی کی گئی ہے، اس کمی کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 387 روپے 81 پیسے کم ہو کر 382 روپے 25 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے سے اگلے ایک دن 06 نومبر 2026 تک کے لیے ہوگیا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔




