اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

کوٹ لکھپت جیل میں قید شاہ محمود قریشی گر پڑے،شدید زخمی

لاہور(اے ون نیوز)لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی طبیعت ناساز ہوگئی، وہ بیرک میں چہل قدمی کے دوران اچانک چکر آنے سے گر پڑے، جس کے باعث ان کے گھٹنے اور بازو پر چوٹیں آئیں۔

شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک کے مطابق کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید شاہ محمود قریشی کی طبیعت ناساز ہوگئی، وہ اپنی بیرک میں چہل قدمی کر رہے تھے کہ اچانک چکر آنے سے گر گئے، جس کے نتیجے میں ان کے جسم پر چوٹیں آئیں۔

بیرسٹر تیمور ملک نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی کے گھٹنے اور بازو پر چوٹیں آئی ہیں جب کہ جیل حکام نے ان کے خون کے نمونے حاصل کرکے شوکت خانم اسپتال بھجوا دیے ہیں۔

وکیل کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کے مشورے پر شاہ محمود قریشی کے سی ٹی اسکین اور علاج معالجے کے لیے درخواست دائر کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی اگست 2023 سے مختلف مقدمات کے باعث جیل میں ہیں، ابتدا میں انہیں سائفر کیس میں گرفتار کیا گیا تھا، جس میں جنوری 2024 میں عمران خان کے ساتھ 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم جون 2024 میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں دونوں رہنماؤں کو بری کردیا تھا۔

سائفر کیس میں رہائی کا امکان پیدا ہونے کے باوجود شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات میں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا۔ ان پر لاہور میں پولیس اسٹیشن پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ سمیت مختلف واقعات میں مبینہ کردار کے الزامات عائد کیے گئے۔

شاہ محمود قریشی کو 19 جولائی 2024 کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا۔ پولیس کی جانب سے عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مقدمات کی سماعت کے لیے انہیں بار بار راولپنڈی سے لاہور منتقل کرنا مشکل ہے، اس لیے کوٹ لکھپت جیل منتقلی کی اجازت دی جائے۔

بعد ازاں شاہ محمود قریشی 9 مئی کے مختلف مقدمات میں عدالتی کارروائی کا سامنا کرتے رہے، ستمبر 2025 اور جون 2026 میں بھی انہیں بعض مقدمات میں بری کیا گیا تاہم دیگر مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں زیر التوا ہونے کے باعث وہ جیل میں ہی رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button