
ملتان(اے ون نیوز)ملتان میں 15 سال کے یتیم بچےکو جبری مشقت سے انکار پر با اثر ملزمان نے گاڑی کے نیچے کچل کر قتل کردیا۔
اے ون ٹی وی کے مطابق ملتان کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو کار تلے کچل کر قتل کرنے کی مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز میں لڑکے کا تعاقب کرنے اور اس پر گاڑی چڑھانے کے مناظر سامنے آئے ہیں۔
ملزمان نے قتل کو حادثہ ثابت کرنے کی کوشش کی تاہم مختلف زاویوں سے سامنے آنے والی ایک سے زیادہ سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیوز نے ثابت کیا کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ ظالمانہ انداز کا قتل تھا۔
ویڈیوز میں لڑکے کو بھاگتے اور ملزمان کو اس کا پیچھا کرتے دیکھا جاسکتا ہے، ایک اور سی سی ٹی وی کیمرے کی ویڈیو میں وہ درد ناک منظر بھی قید ہوا جس میں ملزمان نے بچے پر تیز رفتار کار چڑھادی اور وہ موقع پر دم توڑ گیا۔
واقعے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور توقیر نذیر نامی ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملتان کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو کار تلے کچل کر قتل کرنے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں مقتول پر چوری کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
سی پی او ملتان اختر فاروق کے مطابق مقتول لڑکا ایک این جی او کے یتیم خانے میں مقیم تھا، جہاں سے اسے 7 روز قبل الیکٹریشن کا کام سیکھنے کے لیے ملزم توقیر کے پاس بھیجا گیا تھا۔ ملزم مختلف عمارتوں میں بجلی کے کام کے ٹھیکے لیتا تھا اور ماضی میں بھی یتیم خانے کے بچے اس کے پاس تربیت حاصل کرتے رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق لڑکے کے کام چھوڑ کر جانے پر اس کا تعاقب کیا گیا اور گاڑی چڑھا دی گئی۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مقتول کی لاش اس کے چچا اور ماموں مظفرگڑھ لے گئے ہیں۔




