
ممبئی(اے ون نیوز)بولی ووڈ کی پسندیدہ جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل نے دیوالی کے موقع پر اپنے مداحوں کو ایک خاص تحفہ دیتے ہوئے پہلی بار اپنے بیٹے ویہان کوشل کی واضح تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔ تصویر میں تینوں کو خوشگوار موڈ میں تہوار مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔
کترینہ کیف نے اتوار کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ خاندانی تصویر شیئر کی، جس کے ساتھ انہوں نے لکھا، ’’ہماری اب تک کی سب سے روشن دیوالی، سب کے لیے محبت، روشنی اور خوشیوں کی دعا کرتے ہیں۔‘‘
اس تصویر میں تینوں روایتی لباس میں ملبوس دکھائی دے رہے ہیں اور یہ ان کی بطور فیملی پہلی دیوالی کا خوبصورت لمحہ تھا۔
تصویر میں سب سے زیادہ توجہ ننھے ویہان نے حاصل کی، جو اپنے والدین کے درمیان کھڑے ہوکر کیمرے کی طرف مسکراتے نظر آئے۔ انہوں نے کریم رنگ کا کرتا پاجامہ اور پیلے رنگ کی خوبصورت جیکٹ پہن رکھی تھی۔

کترینہ کیف پیلے رنگ کے کڑھائی والے لباس میں فرش پر بیٹھی اپنے بیٹے کو پیار سے تھامے ہوئے ہیں، جبکہ وکی کوشل بھی کریم رنگ کے کڑھائی والے کرتے میں بیٹے کے ساتھ بیٹھے مسکراتے دکھائی دے رہے ہیں۔
یہ تصویر ویہان کی پہلی سالگرہ کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے۔ کترینہ کیف اور وکی کوشل کے ہاں 7 نومبر 2025 کو پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔ جوڑے نے مشترکہ سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بیٹے کی آمد کی خوشخبری دیتے ہوئے اسے اپنی زندگی کی سب سے بڑی خوشی قرار دیا تھا۔
بعد ازاں جنوری 2026 میں دونوں نے اپنے بیٹے کا نام ویہان کوشل ظاہر کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے بچے کا ننھا ہاتھ اپنے ہاتھوں میں تھامے ہوئے ایک تصویر شیئر کی تھی اور اسے اپنی زندگی کی روشنی قرار دیا تھا۔
ویہان کے نام نے بھی مداحوں کی توجہ حاصل کی تھی، کیونکہ وکی کوشل نے 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اُڑی: دی سرجیکل اسٹرائیک‘ میں میجر ویہان سنگھ شیرگل کا کردار ادا کیا تھا۔ اس وجہ سے بعض مداحوں نے بچے کے نام کو اداکار کی فلم سے بھی جوڑا تھا۔
کترینہ کیف اور وکی کوشل نے طویل عرصے تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے کے بعد 9 دسمبر 2021 کو راجستھان کے سکس سینسز فورٹ بروارا میں شادی کی تھی۔
فلمی مصروفیات کی بات کی جائے تو کترینہ کیف آخری بار 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میری کرسمس‘ میں اداکار وجے سیتھوپتی کے ساتھ نظر آئی تھیں۔ فی الحال وہ اپنے بیوٹی برانڈ ’کے بیوٹی‘ پر توجہ دے رہی ہیں اور نئی فلموں کے اسکرپٹس بھی دیکھ رہی ہیں۔
دوسری جانب وکی کوشل کی نئی فلم ’لو اینڈ وار‘ 21 جنوری 2027 کو ریلیز ہونے والی ہے، جس میں ان کے ساتھ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ وہ فلم ’مہاوتار‘ کی تیاریوں میں بھی مصروف ہیں۔




