اہم خبریںتازہ ترین

37 سال سے لاپتہ پی آئی اے کے جہاز کا ملبہ مل گیا،تہلکہ خیز انکشاف

اسلام آباد(اے ون نیوز)پاکستان کی فضائی تاریخ کے پراسرار ترین واقعات میں شامل پی آئی اے کی پرواز پی کے 404 کے لاپتہ ہونے کے 37 سال بعد ایک پاکستانی نوجوان نے طیارے کے ممکنہ ملبے کی نشاندہی کا دعویٰ کردیا۔

صبیح علی راجپوت نامی نوجوان نے 37 سال قبل لاپتہ ہونے والے پی آئی اے کے فوکر طیارے کا ملبہ دو سال کی طویل محنت کے بعد تلاش کیا جس کی گوگل ارتھ اور سیٹلائٹ کی مدد سے تصاویر بھی لی ہیں۔

طویل تحقیق کے بعد انہیں لاپتہ فوکر طیارے کا ممکنہ ملبہ تاجکستان کے ایک دشوار گزار برف پوش پہاڑی مقام پر نظر آیا ہے۔

صبیح علی راجپوت نامی نوجوان کے اس دعوے نے تقریباً چار دہائیوں سے حل طلب فضائی معمے کے دوبارہ کھلنے اور طیارے کے ملبے کی تلاش کی امید پیدا کردی ہے۔

صبیح علی راجپوت کے مطابق انہوں نے اس پراسرار واقعے کی تحقیق کے لیے طیارے کے روٹ، ممکنہ پرواز کے دورانیے، ایندھن کے ذخیرے اور دیگر دستیاب معلومات کو مدنظر رکھتے ہوئے کام شروع کیا۔ گوگل ارتھ پر طویل عرصے تک مختلف پہاڑی علاقوں اور سیٹلائٹ تصاویر کا جائزہ لینے کے بعد انہیں آبادی سے دور ایک دشوار گزار پہاڑی چوٹی پر طیارے کے ممکنہ ملبے کی نشاندہی ہوئی۔

ان کا دعویٰ ہے کہ یہ مقام تاجکستان کے قریب واقع ہے اور وہاں برف پوش پہاڑی علاقے میں طیارے کے ملبے کی موجودگی کا امکان ہے۔

۔صبیح راجپوت کا کہنا ہے کہ اگر ان کی نشاندہی درست ثابت ہوتی ہے تو 37 سال سے جاری انتظار ختم ہوسکتا ہے اور 54 مسافروں کے اہل خانہ کو اپنے پیاروں کے انجام کے بارے میں اہم معلومات مل سکتی ہیں۔ ان کے مطابق طیارے نے ممکنہ طور پر خراب موسم کے باعث گلگت واپسی کی کوشش کی ہوگی، تاہم یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ اگر ایسا ہوا تو طیارہ اتنی دور ممکنہ طور پر واخان اور تاجکستان کے علاقے تک کیسے پہنچا؟ اس پہلو کی وضاحت فضائی امور کے ماہرین ہی کرسکتے ہیں۔

صبیح کا کہنا ہے کہ اس کام کو کرنے کی جستجو انھیں اس وجہ سے بھی ہوئی کہ یہ اپنی نوعیت کا ایک الگ ہی حادثہ ہے جس میں آج تک جہاز کے ملبے کو تلاش نہیں کیا جاسکا،اس وجہ سے اس حوالے سے کاوشیں شروع کی اور گوگل ارتھ کے ذریعے یہ کھوج لگانے میں 2 سال کا عرصہ بیت گیا۔

دوسری جانب فضائی امور کے ماہر عمران اسلم خان نے صبیح علی راجپوت کی تحقیق اور نشاندہی کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جانچنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سیٹلائٹ تصاویر میں نظر آنے والی چیز کی طیارے کے ملبے کے طور پر تصدیق ہوجاتی ہے تو حکومت ہیلی کاپٹرز اور کوہ پیماؤں کی مدد سے ممکنہ مقام پر سرچ آپریشن شروع کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طیارے کا ملبہ اور بلیک باکس ملنے سے 37 سال پرانے فضائی حادثے کی اصل وجوہات سامنے لانے میں مدد مل سکتی ہے۔

عمران اسلم خان کے مطابق گلگت سے اسلام آباد کا فضائی راستہ انتہائی دشوار گزار پہاڑی سلسلوں سے گزرتا ہے، جہاں موسم انتہائی تیزی سے تبدیل ہوتا ہے۔ پہاڑوں کی بلندی کے آس پاس 30 سے 50 ہزار فٹ کی سطح پر موسمی تبدیلیاں اور فضائی حالات طیاروں کے لیے انتہائی خطرناک صورتحال پیدا کرسکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 1989 میں طیاروں میں آج کے جدید موسمی ریڈارز جیسی سہولیات دستیاب نہیں تھیں، جس کے باعث خراب موسم میں پرواز کرنا زیادہ مشکل ہوسکتا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button