
لندن(اے ون نیوز)مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے انسٹاگرام سے ملتا جلتا ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرانے پر کام شروع کر دیا ہے، جس کے ذریعے لوگ اب پلک جھپکتے ہی ایسی تصاویر اور ویڈیوز بھیج سکیں گے جو وصول کرنے والا صرف ایک بار دیکھ سکے گا۔
معروف ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’واٹس ایپ بیٹا انفو‘ کے مطابق واٹس ایپ نے اس زیرِ تیاری فیچر کا پہلا نام ’انسٹنٹس‘ تبدیل کر کے اب اسے ’زیپس‘ (Zaps) کا نام دینے کا فیصلہ کیا ہے، اور یہ فیچر اینڈرائیڈ کے تازہ ترین بیٹا ورژن 2.26.46.2 میں سامنے آیا ہے۔
اس نئے فیچر کے تحت صارفین واٹس ایپ کے چیٹس ٹیب میں بنے بجلی کے نشان والے بٹن پر کلک کر کے فوری طور پر کیمرے کے ذریعے تصویر یا ویڈیو بنا کر اپنے رابطوں کو ارسال کر سکیں گے، جو ایک بار دیکھے جانے کے بعد خود بخود غائب ہو جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ اس سہولت کو مزید وسیع کرنے پر بھی کام کر رہا ہے کیونکہ ابتدائی طور پر یہ آپشن صرف باہمی رابطوں تک محدود تھا، لیکن اب صارفین کسی بھی انفرادی رابطے اور واٹس ایپ گروپس میں بھی ’زیپس‘ بھیج سکیں گے، جبکہ مستقبل میں اسے چینلز میں بھی متعارف کرائے جانے کا قوی امکان ہے۔
یہ ’زیپس‘ وصول کرنے والے کو عام پیغامات کی طرح چیٹ کے اندر ہی نظر آئیں گے، اور اگر ایک ہی گفتگو میں متعدد زیپس موصول ہوں تو واٹس ایپ انہیں الگ الگ دکھانے کے بجائے ایک جگہ یکجا کر کے ان کی تعداد بھی ظاہر کرے گا۔
وصول کنندہ اس تصویر یا ویڈیو کو دیکھنے کے بعد کسی بھی ایموجی کے ذریعے اپنا ردعمل دے سکے گا اور جوابی پیغام بھی بھیج سکے گا، تاہم وہ میڈیا فائل دیکھنے کے بعد غائب ہو جائے گی جبکہ بھیجنے والے کی چیٹ میں وہ مستقل محفوظ رہے گی۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’زیپس‘ کا یہ سارا سلسلہ مکمل طور پر اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ ہو گا تاکہ صرف بھیجنے والا اور وصول کرنے والا ہی اسے دیکھ سکیں۔
فی الحال یہ شاندار فیچر تیاری کے ابتدائی مراحل میں ہے اور عام بیٹا صارفین کے لیے بھی دستیاب نہیں ہے، جبکہ واٹس ایپ نے اسے تمام صارفین کے لیے جاری کرنے سے متعلق تاحال کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔




