
لاہور(اے ون نیوز )پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں بڑھتے ہوئے سائبر جرائم کی روک تھام اور آنے والے دنوں میں فائیو جی (5G) سروسز کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک شناختی کارڈ پر جاری ہونے والی وائس سمز کی تعداد 5 سے گھٹا کر 3 کرنے پر اصولی غور شروع کر دیا ہے۔
اس کے ساتھ ڈیٹا سمز کی حد میں اضافہ کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی اے حکام کے مطابق اس وقت ایک عدالتی فیصلے کی روشنی میں ایک پاکستانی شناختی کارڈ پر مجموعی طور پر 8 سمز (جن میں 5 وائس اور 3 ڈیٹا سمز شامل ہیں) کے اجراء کی اجازت ہے۔
تاہم حکام کا ماننا ہے کہ بڑی تعداد میں وائس سمز کی دستیابی کے باعث ان کے غلط استعمال اور مختلف اقسام کے سائبر کرائمز میں ملوث ہونے کے خطرات کافی حد تک بڑھ جاتے ہیں، جن پر قابو پانے کے لیے وائس سمز کی حد کو کم کرنا اب وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔




