
کراچی(اے ون نیوز)کراچی کے علاقے گڈاپ میں تاجر کے گھر 9 کروڑ روپے کی ڈکیتی میں ملوث زیرحراست ملزمان پولیس حراست سے فرار ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈکیتی کی واردات میں ایک سنار سمیت تین ملزمان ملوث تھے، تینوں ملزمان گڈاپ پولیس کی حراست میں تھے، دو ملزمان پولیس اہلکاروں کو چکما دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ جاتے ہوئے ایک پولیس اہلکار کی موٹرسائیکل بھی ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق تقریباً چار ماہ قبل گڈاپ کے علاقے میں ایک تاجر کے گھر ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی، جس میں ملزمان 200 تولے سونا، چاندی اور 25 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے، واردات میں لوٹے گئے سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 9 کروڑ روپے بتائی گئی تھی، جبکہ واقعے کا مقدمہ گڈاپ تھانے میں درج ہے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی ملیر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے فرار ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے اقدامات کرنے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے کر ذمہ داران کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آئی جی سندھ نے غفلت اور لاپروائی کے مرتکب پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔




