اہم خبریںتازہ تریندنیا

سعودی فضائی حملوں میں 11 بچوں اور 7 خواتین سمیت 41 افراد جاں بحق ہوگئے، ترجمان حوثی

صنعا(اے ون نیوز)یمن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سعودی عرب سے منسوب فضائی حملوں میں 11 بچوں اور 7 خواتین سمیت کم از کم 41 افراد ہلاک جبکہ 28 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حوثیوں کے زیر انتظام ٹیلی ویژن چینل المسیرہ نے جمعے کے روز صنعا میں صحت کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ حملوں میں زخمی ہونے والوں میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔

رپورٹ میں فضائی حملوں کے مقامات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں جبکہ ہلاکتوں اور زخمیوں کے اعدادوشمار کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی نہیں ہوسکی۔

دوسری جانب حوثیوں نے سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جازان میں بجلی گھر اور بندرگاہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے بتایا جازان کے علاقے میں الشقیق بجلی گھر اور جازان بندرگاہ پر حملے کیے جن میں براہ راست نشانہ بنانے اور بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا۔

حوثی ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائیاں یمن کے صوبے صعدہ میں بجلی گھروں، بحیرہ احمر کے ساحلی شہر موخا اور حدیدہ بندرگاہ پر مبینہ حملوں کے جواب میں کی گئیں۔

ادھر سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے جازان کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائل تباہ کردیے۔ اتحاد کے مطابق میزائلوں کا ملبہ الشقیق کے علاقے میں گرا، تاہم جانی نقصان یا املاک کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

یمن میں حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ حکومتی فورسز کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے باعث خطے میں سرحد پار حملوں کا سلسلہ شدت اختیار کر رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button