اہم خبریںپنجابتازہ ترینتجارت

ملک بھر کے صارفین کو بجلی کا بڑا جھٹکا لگنے کا خدشہ

اسلام آباد(اے ون نیوز) کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کو دسمبر میں اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی کی قیمت میں مجموعی طور پر 4 روپے 22 پیسے فی یونٹ اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت دسمبر کے لیے بجلی کی قیمتوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بجلی کی قیمتوں اور صارفین پر ممکنہ اضافی مالی بوجھ کے حوالے سے تفصیلات پیش کی گئیں۔

ذرائع کےحوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت ملک بھر کے صارفین بجلی کے بلوں میں سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ ادا کر رہے ہیں۔ دسمبر میں یہ رقم بڑھ کر 4 روپے 22 پیسے ہونے کا امکان ہے۔

اس طرح نومبر کے مقابلے میں آئندہ ماہ بجلی صارفین پر ایڈجسٹمنٹس کا اضافی بوجھ ایک روپے 33 پیسے فی یونٹ تک بڑھ سکتا ہے اور اس ممکنہ اضافے کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو بجلی کی قیمتوں سے متعلق تمام اہم تفصیلات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں کم سے کم اضافی مالی دباؤ کا سامنا کرنا پڑے۔

دوسری جانب بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے جولائی سے ستمبر 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت نیپرا میں درخواست جمع کرائی ہے، جس میں آئندہ 3 ماہ کے لیے فی یونٹ ایک روپے 34 پیسے اضافے کی منظوری طلب کی گئی ہے۔

اس درخواست پر نیپرا کی جانب سے سماعت بھی مکمل کی جاچکی ہے، تاہم ریگولیٹری اتھارٹی کا حتمی فیصلہ ابھی سامنے نہیں آیا۔

دریں اثنا اکتوبر 2026 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے سلسلے میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کی ہے۔ اس اضافے کا اطلاق بھی آئندہ ماہ کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button