
ننکانہ صاحب (اے ون نیوز) بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ سندھ سے سکھ یاتریوں کو لے کر 2 خصوصی ٹریینیں ننکانہ صاحب پہنچ گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق ڈپٹی کمشنر رعنا حمید کی زیر قیادت ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ننکانہ صاحب پہنچنے والے سکھ یاتریوں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔
یاتریوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور انہیں ہار پہنا کر خوش آمدید کہا گیا۔ سندھ سے آنے والے سکھ یاتریوں کو خصوصی شٹل سروس کے ذریعے گوردوارہ جات منتقل کیا جا رہا ہے۔
بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز 22 نومبر سے ہوگا جو 24 نومبر تک جاری رہیں گی۔ تقریبات میں دنیا بھر سے تقریباً 25 ہزار سکھ یاتریوں کی شرکت متوقع ہے جبکہ بھارت سے بھی 3091 سکھ یاتری ننکانہ صاحب آئیں گے، جن کی آمد 22 نومبر کو متوقع ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکھ یاتریوں کی سہولت اور مہمان نوازی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ یاتریوں کے لیے رہائش، لنگر، طبی سہولیات اور سفری انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ گوردوارہ جات میں کرنسی ایکسچینج، بینکنگ اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
سکھ یاتریوں کی خدمت، سہولت اور سکیورٹی کے لیے 3 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے بہترین انتظامات اور مہمان نوازی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے مطابق پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور پاکستانی قوم سکھ برادری سے بے پناہ محبت اور احترام رکھتی ہے۔ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کرنے والے سکھ یاتری پاکستان سے محبت، بھائی چارے اور خوشگوار یادوں کا پیغام لے کر واپس جائیں گے۔




