
ڈھاکہ(اے ون ںیوز)بنگلادیش کے ضلع کشور گنج میں واقع تاریخی ’پاگلا مسجد‘ کے چندہ بکسوں سے اس بار ریکارڈ 18 کروڑ 21 لاکھ 69 ہزار 517 ٹکہ کی نقد رقم برآمد ہوئی ہے، جسے گننے میں عملے کو تقریباً 15 گھنٹے کا طویل وقت لگا۔
بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسجد انتظامیہ نے چار ماہ اور 24 دن کے وقفے کے بعد مسجد کے 15 چندہ بکس کھولے، جن میں سے ملکی و غیر ملکی کرنسی سے بھری 51 بوریاں نکلیں۔
مسجد انتظامیہ کمیٹی کے صدر نے رات تقریباً سوا دس بجے گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد تصدیق کی کہ چندہ بکسوں سے مقامی کرنسی کے علاوہ بڑی مقدار میں غیر ملکی کرنسی اور سونے کے زیورات بھی نکلے ہیں، جن کی مالیت کا تخمینہ الگ سے لگایا جا رہا ہے۔
کشور گنج کی یہ تاریخی مسجد اپنے منفرد طرزِ تعمیر اور شہریوں کے عقیدت مندانہ عطیات کے باعث پورے بنگلادیش میں خاص شہرت رکھتی ہے، جہاں ملک بھر سے لوگ منتیں ماننے اور عطیات دینے آتے ہیں، ہر چند ماہ بعد جب یہاں کے چندہ بکس کھولے جاتے ہیں تو کروڑوں ٹکہ کی رقم جمع ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل رواں برس 27 جون کو جب پاگلا مسجد کے چندہ بکس کھولے گئے تھے تو ان میں سے 15 کروڑ 90 لاکھ 80 ہزار 146 ٹکہ نقد رقم سمیت غیر ملکی کرنسی اور سونے و چاندی کے زیورات برآمد ہوئے تھے۔




