
بارکھان (اے ون نیوز)سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع بارکھان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت 5 جوان شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 مئی کو پاک فوج اور ایف سی بلوچستان نے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے نوشام میں خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن کیا اور اس دوران فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔
سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشت گرد مارے گئے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں بھارتی ساختہ اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے میجر سمیت 5 جوان شہید ہوگئے۔ شہدا میں میجر توصیف احمد بھٹی، نائیک فدا حسین، سپاہی ذاکر حسین، سپاہی سہیل احمد اور سپاہی محمد ایاز شامل ہیں۔ میجر توصیف احمد بھٹی کا تعلق ضلع پاکپتن جب کہ عمر 31 برس تھی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے اور دشمن کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، عزمِ استحکام کے تحت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے فورسز پرعزم ہیں، بارکھان آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کردیئے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناقابلِ فراموش ہیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کا فخر ہیں اور مادرِ وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔




