اہم خبریںتازہ تریندنیا

سعودی عرب کا نیا ویزا پیکیج متعارف، پاکستان سمیت 7 ممالک کے شہری مستفید ہوں گے

ریاض (اے ون نیوز) سعودی عرب نے سیاحت کے فروغ کے لیے نیا "پیکیج ویزا” پروگرام متعارف کرا دیا ہے، جس کے پہلے مرحلے میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، اردن، مصر اور میکسیکو کے شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

سعودی وزارتِ سیاحت کے مطابق اس نئی اسکیم کے تحت مسافر ایک ہی مربوط پیکیج کے ذریعے فضائی ٹکٹ، ہوٹل بکنگ اور الیکٹرانک سیاحتی ویزا حاصل کر سکیں گے، جس سے الگ سے ویزا درخواست دینے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

گلف نیوز کے مطابق منظور شدہ ٹریول پیکیج خریدنے کے بعد الیکٹرانک سیاحتی ویزا 48 گھنٹوں کے اندر جاری کر دیا جائے گا، جبکہ درخواست گزار کو سعودی سفارت خانے جانے یا علیحدہ ویزا درخواست جمع کرانے کی ضرورت بھی پیش نہیں آئے گی۔

مسافروں کو کسی مجاز ٹریول ایجنسی کے ذریعے منظور شدہ پیکیج کا انتخاب کرنا ہوگا، آن لائن ادائیگی مکمل کرنے کے بعد ویزا، ٹریول انشورنس اور دیگر سفری دستاویزات ای میل کے ذریعے موصول ہوں گی۔

سعودی وزارتِ سیاحت نے ابتدائی مرحلے میں Reserval اور Almosafer کو اس پروگرام کے لیے مجاز سروس فراہم کنندگان کا درجہ دیا ہے۔

پیکیج ویزا کی اہم شرائط:

ویزا سنگل انٹری ہوگا اور اس کی مدتِ کار تین ماہ ہوگی۔

قیام کی کم از کم مدت 2 دن اور زیادہ سے زیادہ 88 دن ہوگی۔

پیکیج میں کنفرم آمد و رفت (راؤنڈ ٹرپ) فضائی ٹکٹ شامل ہونا لازمی ہوگا۔

رہائش صرف وزارتِ سیاحت سے منظور شدہ چار یا پانچ ستارہ ہوٹل میں ہوگی۔

الیکٹرانک ویزا پروسیسنگ پیکیج کا حصہ ہوگی۔

وزارتِ سیاحت کے مطابق پیکیج کی کم از کم قیمت پہلے دو دن کے لیے 4 ہزار سعودی ریال فی بالغ مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہر اضافی دن کے لیے 1 ہزار سعودی ریال مزید ادا کرنا ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button