
تہران(اے ون نیوز)پاکستان کے 12 نوجوانوں کو انسانی اسمگلروں نے یورپ بھجوانےکا جھانسہ دےکر ایران میں اغوا کرلیا۔
انسانی اسمگلروں نے پاکستانی نوجوانوں پر تشددکرکے ویڈیو گھر والوں کو بھجوادی ہے اور تاوان طلب کیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق ان 12 پاکستانی نوجوانوں سے براستہ ایران اٹلی بھجوانے کے نام پر پیسے لیے گئے تھے۔
ترجمان کے مطابق مقدمہ درج کرکے انسانی اسمگلروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ نوجوانوں کی بازیابی کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق نوجوانوں کا سراغ لگانے کے لیے بیرون ملک متعلقہ اداروں سے بھی رابطے جاری ہیں۔
دوسری جانب ایف آئی اے حکام کے مطابق 2 پاکستانی شہری بحفاظت پاکستانی سفارتخانے تہران پہنچ گئے، نوجوانوں کی شناخت طلحہ اور شہزاد کےنام سےہوئی ہے، طلحہ اور شہزاد کا تعلق لاہور کےعلاقے گاؤں پسین سے ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہےکہ لاپتا 12 نوجوانوں میں سے7کا تعلق لاہور سے ہے،ابتدائی تحقیقات کے مطابق انسانی اسمگلروں نے نوجوانوں کو بلوچستان کے راستے ایران پہنچایا، نوجوانوں کویقین دلایاگیا انہیں براستہ ترکیے اٹلی منتقل کردیا جائےگا، اسمگلروں نے ابتدائی طور پر چند ہزار ڈالر وصول کیے اور وعدہ کیا گیا کہ یورپ پہنچنے کے بعد باقی رقم وصول کی جائے گی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ایران پہنچنےکے بعد نوجوانوں کو نامعلوم مقام پر یرغمال بنا لیا گیا، نوجوانوں کےاہلخانہ سے فی کس 6 ہزار ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہےکہ لاپتا نوجوانوں کی بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئےکار لائے جارہے ہیں، ایرانی حکام سے بھی مسلسل رابطہ رکھا ہوا ہے۔




