
پیرس (اے ون نیوز) فرانس نے لاعلاج بیماریوں کے حامل بالغ افراد کو موت کا آپشن حاصل کرنے کا بل پاس کرلیا۔
فرانس کی پارلیمنٹ نے لاعلاج بیماریوں کے حامل بالغ افراد کے لیے موت کا آپشن (assisted-dying) حاصل کرنے کا بل پاس کرلیا جس کے تحت سخت شرائط پوری ہونے کی صورت میں درخواست دینے والے شخص کو جان لیوا دوا فراہم کی جا سکے گی۔
رپورٹ کے مطابق بل میں کہا گیا ہے کہ اگر مریض خود دوا استعمال کرنے کے قابل ہو تو وہ اسے خود استعمال کرے گا، دوسری صورت میں ڈاکٹر یا نرس اسے یہ دوا دیں گے۔
فرانس کے قانون کے مطابق اس سہولت سے صرف وہ بالغ افراد فائدہ اٹھا سکیں گے جو فرانس کے شہری یا وہاں کے قانونی رہائشی ہوں اور جان لیوا اور لاعلاج بیماری کے ایسے مرحلے میں ہوں جو انتہائی سنگین یا آخری مرحلے تک پہنچ چکا ہو۔
فرانس کی پالیمنٹ میں بل کی مخالفت میں 241ووٹ پڑے جبکہ 291 ووٹ کی بل کی حمایت میں ڈالے گئے اور بل منظورکرلیا گیا تاہم قانون پر باقائدہ عمل کے لیے اس کی فرانس کی آئینی کونسل سے منظوری ضروری ہے۔
اگر ملک کی آئینی کونسل اس قانون سازی کی منظوری دیتی ہے تو فرانس، نیدرلینڈز، بیلجیم، سوئٹزرلینڈ اور کینیڈا کی صف میں شامل ہو جائے گا جنہوں نے assisted dyingکو قانونی حیثیت دی ہے۔




