
غزہ(اے ون نیوز)حماس کے سینئر رہنما باسم نعیم نے کہا ہے کہ حماس کے سربراہ خلیل الحیہ کے بیٹے جمعہ کے روز اسرائیلی فوج کی جانب سے کیے گئے ایک قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے ہیں۔
انہوں نے خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ عزالدین الحیہ اور ان کا خاندان فجر کے وقت کیے گئے فضائی حملے میں محفوظ رہے، جبکہ حماس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حملے میں خلیل الحیہ کی بہو سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
باسم نعیم کے مطابق 1997 میں پیدا ہونے والے عزالدین الحیہ حماس کے سربراہ خلیل الحیہ کے زندہ بچ جانے والے آخری بیٹے ہیں۔ خلیل الحیہ کے دیگر چار بیٹے اسرائیلی افواج کے حملوں میں شہید ہو چکے ہیں۔
باسم نعیم کے مطابق جمعہ کے روز ہونے والے اس حملے میں خلیل الحیہ کے ایک شہید بیٹے کا خاندان بھی محفوظ رہا۔
حماس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا۔ حماس نے اس حملے کو اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز کی جانب سے خلیل الحیہ کو دی جانے والی دھمکیوں سے جوڑا۔
حماس نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ غزہ میں 2025 کے جنگ بندی معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور کہا کہ اسرائیل اپنے مسلسل حملوں کے نتائج کا مکمل ذمہ دار ہے۔
باسم نعیم نے مزید بتایا کہ عزالدین، ہمام خلیل الحیہ کے جڑواں بھائی ہیں جو 2025 میں قطر میں حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے والے ایک اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ جولائی میں حماس کے سربراہ مقرر ہونے والے خلیل الحیہ خود بھی قطر میں ہونے والے اس حملے میں بال بال بچ گئے تھے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز خلیل الحیہ نے غزہ میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 10 افراد کی ہلاکت کے بعد ممکنہ جوابی کارروائی کا انتباہ بھی دیا تھا۔




