
لاہور(اے ون نیوز) شہر میں کم عمر بچوں کے ساتھ بدفعلی کے واقعات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران بدفعلی کے 670 مقدمات درج ہوئے، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 575 مقدمات رپورٹ ہوئے تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق سٹی ڈویژن میں گزشتہ سال 96 مقدمات درج ہوئے، جبکہ رواں سال یہ تعداد بڑھ کر 110 ہو گئی۔ کینٹ ڈویژن میں نسبتاً کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں گزشتہ سال 166 کے مقابلے میں رواں سال 148 مقدمات درج ہوئے۔
سول لائنز ڈویژن میں بدفعلی کے مقدمات کی تعداد 30 سے بڑھ کر 42 ہو گئی، جبکہ صدر ڈویژن میں گزشتہ سال 115 کے مقابلے میں رواں سال 142 مقدمات رپورٹ ہوئے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق اقبال ٹاؤن ڈویژن میں سب سے زیادہ اضافے میں سے ایک ریکارڈ کیا گیا، جہاں گزشتہ سال 62 کے مقابلے میں رواں سال مقدمات کی تعداد 110 تک پہنچ گئی۔ اسی طرح ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں گزشتہ سال 106 مقدمات درج ہوئے تھے، جبکہ رواں سال یہ تعداد بڑھ کر 118 ہو گئی۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق لاہور کے بیشتر ڈویژنوں میں کم عمر بچوں کے ساتھ بدفعلی کے مقدمات میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ کینٹ ڈویژن میں کمی سامنے آئی ہے۔




