
لاہور (اے ون نیوز) پنجاب حکومت نے آئندہ سال لاہور میں 12 سے 14 مارچ تک محفوظ بسنت منانے کا فیصلہ کرلیا، بسنت کے دوران حفاظتی انتظامات پر عملدرآمد کے لیے خصوصی ہدایات جاری کردی گئیں۔
ترجمان کے مطابق محکمہ داخلہ میں بسنت 2027 کے حفاظتی انتظامات سے متعلق اجلاس ہوا، جس کی صدارت سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں کسی غیر محفوظ اور ناپائیدار چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔ 31 دسمبر 2026 سے قبل تمام چھتوں پر کم از کم ساڑھے تین فٹ بلند اور مضبوط حفاظتی دیوار تعمیر کرنا لازم ہوگا۔ اس سے کم اونچائی کی حفاظتی دیوار والی چھت پر بسنت منانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سیکرٹری داخلہ نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو پرانی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں کا مکمل معائنہ کرانے کی ہدایت کی۔ بجلی کی تاریں چھت کے قریب ہونے کی صورت میں عمارت مالکان بسنت سے قبل انہیں محفوظ بنانے کے پابند ہوں گے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کو حفاظتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کو سیل کرنے کا اختیار بھی ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ مقررہ حد کے مطابق پتنگ اور ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت کی نگرانی بھی کرے گی۔
سیکرٹری داخلہ کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس لاہور بسنت سے قبل 20 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں پر مفت سیفٹی راڈز نصب کرے گی۔انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو حفاظتی ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔




