
لندن(اے ون نیوز)برطانیہ میں غیر ملکیوں کی آمد (نیٹ مائیگریشن) 1997 کے بعد کم ترین سطح پر آگئی ہے جب کہ پناہ کی درخواستوں (اسائلم) میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
برطانوی دفتر برائے قومی شماریات ’او این ایس‘ کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جون کے اختتام تک گزشتہ 12 ماہ کے دوران برطانیہ آنے اور جانے والے افراد کے درمیان فرق 77 ہزار رہا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق 2020 میں کورونا کی وبا کے دوران عالمی سفری پابندیوں کے دورانیے کو مستثنیٰ قرار دیا جائے تو یہ اعداد و شمار مارچ 2023 کے مقابلے میں 92 فیصد کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔
او این ایس کے مطابق مارچ 2023 میں یہ ڈیٹا 9 لاکھ 44 ہزار ریکارڈ کیا گیا تھا۔
برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم نے ان اعداد و شمار کو امیگریشن نظام پر حکومتی کنٹرول کی بحالی قرار دیا ہے۔
وزیر داخلہ شبانہ محمود نے بھی اعداد و شمار کو لیبر پارٹی کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کنزرویٹو پارٹی کی ناکامیوں کے بعد موجودہ حکومت نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔
کمی کی وجوہات
اعداد و شمار کے مطابق اس بڑی کمی کی سب سے بڑی وجہ یورپی یونین سے باہر کے ممالک سے آنے والے افراد کی تعداد میں نمایاں کمی ہے۔
گزشتہ ایک سال کے دوران ملازمت کے لیے برطانیہ آنے والے کارکنوں کی تعداد میں 45 ہزار کمی ہوئی۔ سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کی تعداد میں 19 ہزار کمی ریکارڈ کی گئی جب کہ برطانیہ آنے والے طلبہ کی مجموعی تعداد میں 33 ہزار کمی ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ویزا قوانین میں سختی کا عمل سابقہ کنزرویٹو حکومت کے دور میں شروع ہوا تھا، جسے جولائی 2024 کے بعد لیبر حکومت نے بھی جاری رکھا تھا۔
یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد آزادانہ نقل و حرکت کے نظام کے خاتمے کے باوجود سابق وزیراعظم بورس جانسن کی حکومت نے دنیا کے دیگر خطوں سے ملازمت اور تعلیم کے لیے آنے والوں کی تعداد بڑھانے کی اجازت دی تھی۔
بعد ازاں رشی سونک حکومت نے اپنے آخری مہینوں میں ویزا قوانین پر سخت پابندیاں متعارف کرائی تھیں۔
برطانوی وزارت داخلہ نے اس کمی کی دو بڑی وجوہات میں سیاسی پناہ کی درخواستوں پر فیصلے کرنے کے عمل میں تیزی اور غیر قانونی سمندری راستوں کے ذریعے ملک میں داخل ہونے والوں کی تعداد میں کمی کو قرار دیا ہے۔




