سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے نومنتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا، نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت 300 سے زائد اراکین اسمبلی نے حلف اٹھایا، مسلم لیگ ن کے 201 جبکہ سنی اتحاد کونسل کے 98 اراکین اسمبلی نے حلف اٹھایا۔
سیکرٹری اسمبلی کے مطابق نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کل ہو گا، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہو گا، دونوں عہدوں کے لیے کاغذات نامزدگی آج شام 5 بجے تک جمع کروائے جا سکتے ہیں جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال بھی آج ہی ہو گی۔
اس سے قبل پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کیا گیا تھا جو دو گھنٹے سے زائد کی تاخیر سے شروع ہوا۔