اہم خبریںپاکستانتازہ ترینتجارت

حکومت نے ایل پی جی مافیا کی قیمت مقرر کرنے کا اختیار اوگرا سے واپس لے لیا

اسلام آباد(اے ون نیوز) حکومت نے ایل پی جی مافیا کی من مانیاں ختم کرنے اور عوام کو سرکاری نرخوں پر سستی گیس فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

اب ایل پی جی کی قیمتوں کا تعین اوگرا کے بجائے پی ایس او، سوئی گیس اور دیگر آئل کمپنیوں پر مشتمل نئی کمپنی کرے گی، جبکہ غیر قانونی طور پر ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بھی تیز کر دی گئی ہیں۔

وزارت پیٹرولیم کا کہنا ہے نئی کمپنی آئندہ ماہ کے لیے ایل پی جی کی قیمت مقرر کرے گی اور اس کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نرخ تمام ڈسٹریبیوٹرز اور دکانداروں کے لیے لازمی ہوں گے۔ مقررہ قیمت سے زائد نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی تاکہ صارفین کو مہنگی ایل پی جی فروخت کرنے کا سلسلہ روکا جا سکے۔

حکومت نے ایل پی جی کی فروخت کو بھی قانونی ضابطوں کے تابع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ صرف قانونی طور پر قائم ایل پی جی پمپس اور دکانوں سے ہی گیس فروخت کی جا سکے گی، جبکہ غیر قانونی طور پر ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب شہریوں کو گیس سلنڈرز پھٹنے کے حادثات سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت صارفین دکاندار کو اپنا خالی سلنڈر دیں گے اور اس کے بدلے منظور شدہ کمپنی کا بھرا ہوا معیاری سلنڈر حاصل کریں گے۔

دو، تین اور پانچ کلو وزن کے معیاری سلنڈرز میں بھی ایل پی جی فراہم کی جائے گی، جبکہ غیر معیاری اور ناقص سلنڈرز میں گیس بھرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکومت کمپنیوں کے تعاون سے مارکیٹ میں سستے اور معیاری سلنڈرز بھی فراہم کرے گی۔ حکام کے مطابق اگر کوئی دکاندار غیر معیاری سلنڈر میں ایل پی جی بھرتا ہوا پکڑا گیا تو اس کی دکان سیل کرنے کے ساتھ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

ادھر ایل پی جی ڈسٹریبیوٹرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل رانا عبدالجبار نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی اقدامات کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے، تاہم حکومت دکانداروں کو سبسڈائز نرخوں پر معیاری سلنڈرز فراہم کرے تاکہ وہ عوام کو بہتر سہولیات دے سکیں۔

رانا عبدالجبار کے مطابق ڈسٹریبیوٹرز غیر قانونی ایل پی جی کی فروخت اور ناقص سلنڈرز میں گیس بھرنے کے خلاف ہیں۔ حادثات سے بچاؤ کے لیے حکومت جو بھی اقدامات کرے گی، ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

دکانداروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ناقص سلنڈرز میں ایل پی جی نہ بھری جائے اور خلاف ورزی کرنے والے کسی دکاندار کی حمایت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کارروائیوں کے دوران جن دکانداروں کے پمپس اور دیگر آلات قبضے میں لیے گئے ہیں، انہیں ضائع کرنے کے بجائے جرمانہ عائد کرکے واپس کیا جائے۔

بعض دکانداروں نے یہ آلات اقساط پر خریدے ہیں، اس لیے انہیں واپس کرنے سے چھوٹے کاروباری افراد کو معاشی مشکلات سے بچایا جا سکتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button