اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

جنرل باجوہ نے ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا تھا،عمران خان کھل کر بول پڑے

اڈیالہ جیل (اے ون نیوز )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت گرانے کے باوجود دو بارجنرل باجوہ سے مل سکتا ہوں تو کسی سے بھی مل سکتا ہوں۔

اے ون ٹی وی کے مطابق عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گراف جیولری سیٹ کی مالیت 3 ارب ظاہر کرکے ہمیں سزا دی گئی، ہم نے گراف جیولری سیٹ کی مزید تین جگہ سے کوٹیشن لی، کوٹیشنز کے مطابق جیولری کی قیمت ایک کروڑ 80 لاکھ روپے بنتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اگست میں جب مجھے پکڑا گیا تو پولیس میرے بیڈ روم میں داخل ہوئی وہاں سے میرا پاسپورٹ اور چیک بک بھی لے گئی، بشریٰ بی بی نے بنی گالہ میں موجود قیمتی اشیاءکو اسی وجہ سے کہیں اور منتقل کردیا تھا، انعام شاہ اور توشہ خانہ کے ایک ملازم کو آئی ایس آئی نے میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنایا، توشہ خانہ میں سزا دلوانے کے لئے دبئی میں پارٹ ٹائم سیلزمین سے گراف جیولری سیٹ کی مالیت کا تخمینہ لگوایا گیا، توشہ خانہ ریفرنس بنانے پر چیئرمین نیب اور انعام شاہ کے خلاف کیس کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ فواد چودھری پریس کانفرنس کرچکا تھا لیکن اسے وعدہ معاف گواہ بنانے کیلئے پکڑے رکھا۔ پرویز الٰہی اور شاہ محمود قریشی آج پریس کانفرنس کر دیں تو ان کے سارے کیسز ختم ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو فیصل آباد کیس اور بھٹو کیس یاد ہے مگر قاضی فائز عیسیٰ کو نظر نہیں آرہا کہ لوگ ملٹری جیلوں میں پڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 18 مارچ کو مجھے جوڈیشل کمپلیکس میں قتل کرنے کا منصوبہ تھا 24 گھنٹے پہلے ہی جوڈیشل کمپلیکس کو ٹیک اوور کر لیا گیا تھا سادہ کپڑوں میں ملبوس بہت سے لوگ جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھے ،کیوں جوڈیشل کمپلیکس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے نہیں لائی جا رہی؟ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف فیتے کاٹتا رہا ہے اس کے پاس طاقت نہیں، ملک کا معاشی طور پر بیڑا غرق ہونے لگا ہے، آج ملک بدل چکا ہے اور لوگوں میں شعور آچکا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کبھی فوج سے لڑائی نہیں کی، جنرل باجوہ نے ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا تھا، میں جنرل باجوہ کو ڈی نوٹیفائی کر سکتا تھا لیکن نہیں کیا، حکومت گرانے کے باوجود دو مرتبہ جنرل باجوہ سے مل سکتا ہوں تو کسی سے بھی مل سکتا ہوں، اس وقت میری ذات کا ایشو نہیں پاکستان کا ایشو ہے مجھے قائل کرلیں۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں عدلیہ بالکل بھی آزاد نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی اینڈوسکوپی کے بغیر کچھ پتہ نہیں چل سکتا، جب کوئی چیز اندر چلی گئی تو بظاہر دیکھنے سے کچھ معلوم نہیں ہوسکتا۔ان کا کہنا تھا کہ میں آج سیاست سے پیچھے ہوجاوں تو سب ٹھیک ہوجائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ نون لیگ کا جنازہ نکلے گا جب قوم پر مہنگائی کی جائے گی، اس وقت امید صرف ججز سے ہے 6 ججز کو سلام پیش کرتا ہوں، ججز ملک کے مستقبل کو بچائیں، سرمایہ کاری صرف قانون کی بالادستی سے ا ٓسکتی ہے، اس وقت قوم ججز کی طرف دیکھ رہی ہے۔

صحافی نے عمران خان سے سوال کیا کہ بشریٰ بی بی نے کہاکہ پارٹی کے اندر کچھ لوگ ان پر امریکی ایجنٹ ہونے کا الزام لگارہے ہیں، جس پر عمران خان نے کہا کہ ہمارے کچھ لوگ اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں ہیں جو پارٹی کو توڑنا چاہتے ہیں وہی بشریٰ بی بی پر بھی الزام لگارہے ہیں۔صحافی نے سوال کیا کہ کیا یہی وجہ ہے کہ پارٹی کے اندر بنائی جانے والی کمیٹیوں کی تشکیل نو ہو رہی ہے؟عمران خان نے کہا کہ کمیٹیوں کی تشکیل روزمرہ کے سیاسی معاملات کیلئے بنائی گئی ہیں حتمی فیصلے کور کمیٹی ہی کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button