لاہور ( نامہ نگار خصوصی)جوڈیشل مجسٹریٹ کینٹ کچہری نے اینکر پرسن عائشہ جہانزیب کے گرفتار شوہر کو عدالت کے روبرو پیش کردیا ،عدالت نے ملزم حارث کا 2دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا،عائشہ جہانزیب نے شوہر کےخلاف تھانہ سرور روڑ میں مقدمہ درج کروایا۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کی اینکر عائشہ جہانزیب کو شوہر نے مبینہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔خاتون اینکر کے مطابق شوہر حارث سے جھگڑا ہوا جس پر اس نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ عائشہ نے طبی معائنے کے بعد شوہر حارث کےخلاف جان سے مار دینے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرا دیا۔ایف آئی آر کے مطابق عائشہ جہانزیب نے پولیس کو بتایا شوہرنے جھگڑے کے دوران تشددکانشانہ بنایا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، شوہر حار ث علی ان کے بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بناتا رہا ہے۔
قبل ازیں پولیس نے بتایا تھا کہ عائشہ جہانزیب کے شوہر کےخلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کر لیا گیا اور تفتیش جاری ہے،دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اینکر عائشہ جہانزیب پر شوہر کے تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی اور عائشہ جہانزیب کو بہترین طبی سہولتیں دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا خواتین میری ریڈ لائن ہیں، تشدد برداشت نہیں کیا جائےگا۔