
نیویارک(اے ون نیوز)ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ٹوئٹر جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک نے اپنا ‘نام ‘ تبدیل کرلیا۔
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنا نام تبدیل کرکے ‘Kekius Maximus’ کرلیا جس نے قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے۔
اس کے علاوہ ایکس پر ایلون مسک نے نئی پروفائل پکچر بھی لگادی جس میں مشہور کامیک کریکٹر ‘Pepe the Frog’ کی تصویر لگائی ہے۔ یہ ایک میم کریکٹر بھی ہے جسے دائیں بازو کے گروپوں نے کافی استعمال کیا ہے۔
ٹیکنالوجی کے ماہر اور امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی ایلون مسک نے نہ تو اس نئے نام کی اور نہ ایکس پر اپنی نئی پروفائل تصویر کی کوئی وضاحت کی ہے۔
ایلون مسک کے اس نئے اقدام کی وجہ سے کرپٹوکرنسی کی دنیا میں ہلچل مچ گئی اور اسی نام کے ایک میم کوائن (جو انٹرنیٹ میمز سے متاثر ہو کر بنائی گئی ڈیجیٹل کرنسی ہے)کی قدر کو آسمان پر پہنچا دیا۔
ماضی میں بھی ایلون مسک نے ایکس پر اپنے تبصروں کے ذریعے کرپٹو کرنسی کی قیمتوں پر بہت اثر ڈالا ہے، لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ اس خاص میم کوائن میں ان کی کوئی شمولیت ہے یا نہیں۔
‘Kekius’ ممکنہ طور پر لفظ’kek’ سے اخذ کیا گیا ہے اس کا مطلب ‘زور سے ہنسنے’ کے مترادف ہے جسے آن لائن گیمنگ کلچر میں کافی مقبولیت ملی لیکن اب اکثر اسے انتہا پسند دائیں بازو کے نظریات سے جوڑا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ ‘Kek’ قدیم مصری دیوتا کا نام بھی ہے جو اندھیرے کا دیوتا مانا جاتا ہے، اور اسے بعض اوقات مینڈک کے سر کے ساتھ دکھایا جاتا ہے۔