
اسلام آباد(اے ون نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی 13 ون میں واقع اپنے گھر میں قتل کی گئی نوجوان ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے مبینہ قاتل کو گرفتار کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس ذرائع نے کہا کہ ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس نے حاصل کرلی، سی سی ٹی وی میں مبینہ قاتل کو جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔سی سی ٹی وی میں ملزم کم عمر دکھائی دیتا ہے، ملزم نے کالی ٹی شرٹ پہن رکھی ہے، ملزم کو سی سی ٹی وی میں بھاگتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ وفاقی پولیس کے اعلی افسران ملزم کی گرفتاری سے متعلق تفصیلات پریس کانفرنس کر کے بتائیں گے۔پولیس ذرائع نے کہا کہ وفاقی پولیس ٹیم نے مبینہ ملزم کا فیصل آباد سے گرفتار کیا، ملزم نے قتل کرنے سے قبل مقتولہ کو اس کے گھر کے اندر پھول بھی پیش کیے۔
ذرائع کے مطابق ملزم نے پھول پیش کرنے کے فوری بعد ہی ثنا یوسف پر فائرکھول ڈالے، مقتولہ کی سالگرہ کے سلسلے میں ملزم نے پہلے پھول پیش کیے۔پولیس ذرائع کے مطابق ثناء یوسف کے قتل کے ملزم کی شناخت عمر حیات عرف کاکا کے نام سے ہوئی اور وہ خود بھی ٹک ٹاکر ہے جب کہ ملزم نے خود کو مقتولہ کا دوست بتایا ہے۔
یاد رہے کہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کا مقدمہ والدہ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا جبکہ لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔مقدمے کے مطابق مقتولہ ثنا یوسف کی والدہ فرزانہ یوسف نے بتایا کہ بوقت شام 5 بجے ایک نامعلوم شخص ہمارے گھر میں داخل ہوا جس نے کالے رنگ کی شرٹ اور ٹراؤزر پہنا ہوا تھا اور ہاتھ میں پستول تھا، واقعے کے وقت میرے شوہر گھر پر نہیں تھے جبکہ میرا پندرہ سالہ بیٹا بھی ہمارے گاؤں چترال گیا ہوا تھا۔
ثنا یوسف کی والدہ نے بتایا کہ ملزم نے قتل کے ارادے سے کمرے میں موجود میری بیٹی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ثنا کو دو گولیاں سینے پر لگیں۔ ہمارے شور کرنے پر نامعلوم شخص موقع سے بھاگ گیا جبکہ اہل محلہ جمع ہو گئے، اپنی زخمی بیٹی کو ہمسائیوں کی گاڑی میں ڈال کر اسپتال پہنچی مگر وہ خموں کی تاب نہ لاتے ہوئے فوت ہو گئی۔
مقتولہ کی والدہ فرزانہ یوسف نے کہا کہ میری بیٹی زبردست سوشل میڈیا انفلونسر تھی، میری نند لطیفہ شاہ جو بطور مہمان ہمارے گھر میں موجود تھی اس واقعے کی گواہ ہے، میں اور میری نند لطیفہ شاہ ملزم کو سامنے آنے پر شناخت کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب ثناء یوسف کا پمز سے پوسٹمارٹم کروانے کے بعد میت ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ سینئر پولیس افسر نے گفتگو میں کہا کہ ملزم کی گرفتاری کے لئے جدید طرز پر تفتیش کی جارہی ہے، ملزم کسی صورت نے بچ سکے گا، ملزم کی ہرصورت فوری گرفتاری کاحکم دے چکے ہیں۔
سینئر افسر نے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں کوبروئے کار لارہے ہیں جبکہ جی تیرہ ون میں متعلقہ گھر کی جیوفینسگ بھی کررہے ہیں۔