اہم خبریںتازہ تریندنیا

اسلام آباد میں سربیا کا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے میں پیش رفت

برسلز(مرزا عمران بیگ )سربیا کے لیے پاکستان کے سفیر فراز زیدی نے جمہوریۂ سربیا کے وزیرِ خارجہ مارکو جوریچ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سربیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور عملی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران سفیر فراز زیدی نے دونوں ممالک کے درمیان عملی روابط قائم کرنے کی جاری کوششوں سے آگاہ کیا، جن میں کاروباری اداروں کے ساتھ روابط، دارالحکومت بلغراد سے باہر سفارتی و اقتصادی رسائی، اور انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل پولیٹکس اینڈ اکنامکس کے وفد کے آئندہ دورۂ اسلام آباد شامل ہیں۔ اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد کے ساتھ تعاون کے معاہدے پر دستخط کا بھی ذکر کیا گیا۔

سفیر پاکستان نے سربیا کی جانب سے اسلام آباد میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے میں ہونے والی پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے دوطرفہ تعاون کو مزید رفتار ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بلقان خطے میں سربیا کو ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور مستقبل میں اقتصادی روابط، ادارہ جاتی تعاون اور سیاسی مکالمے کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

اس موقع پر سربیا کے وزیرِ خارجہ مارکو جوریچ نے بھی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، سیاسی مکالمے کے فروغ اور تعاون کے نئے امکانات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عمل کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button