
بارسلونا(اے ون نیوز)سپین کے ایوارڈ یافتہ بزنس مین چوہدری امانت حسین مہر کے چھوٹے بھائی چوہدری سلامت مہر کی بارسلونا آمد پر ان کے اعزاز میں بارسلونا کے ممتاز بزنس مین چوہدری اشفاق باغانوالہ اور چوہدری شعیب ورک کی طرف سے لاہور ریسٹورنٹ فورم بارسلونا میں شاندار ضیافت کا اہتمام کیا گیا جس میں بطور خاص سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد اور قونصل جنرل بارسلونا مراد علی وزیر نے خصوصی شرکت کی.

نظامت کے فرائض حافظ عبدالرزاق صادق نے سر انجام دیے۔معزز مہمانوں کا گرمجوشی سے پھول پیش کر کے استقبال کیا گیا۔اس تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔چوہدری اشفاق باغانوالہ نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے بھائی چارے کے فروغ پر زور دیا۔

جبکہ قونصل جنرل بارسلونا نے چوہدری سلامت حسین مہر کو بارسلونا آمد پر خوش آمدید کہا اور چوہدری امانت حسین مہر کیمونٹی کے لیے خدمات کو سراہا۔سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے دوستوں کا خوبصورت گلدستہ سجانے پر میزبانوں کا شکریہ ادا کیا اور سفارت خانہ اور قونصل خانہ کی کیمونٹی کے لیے قونصلر سروسز پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کیمونٹی کے اتحاد اور اتفاق پر زور دیا۔

چوہدری امانت حسین مہر نے اپنے میزبانوں کی چاہت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انکے رزق میں برکت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔اس پرتکلف عشائیہ میں کیمونٹی کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی اور معزز مہمان چوہدری سلامت حسین مہر کو بارسلونا آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے انکی مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا.









