
بھکر (نامہ نگار)چند انچ زمین کے تنازع پربھکر کے تھانہ بہل کی حدود بستی چانڈیہ میں زمین کے دیرینہ تنازعے پر چانڈیہ برادری کے دو گروپوں کے درمیان ہونے والے مسلح تصادم نے کہرام مچا دیا، فائرنگ کے نتیجے میں باپ اور دو بیٹوں سمیت 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیل کے مطابق بستی چانڈیہ میں چانڈیہ برادری کے دو گروہوں کے درمیان عرصہ دراز سے زمین کا تنازعہ چل رہا تھا۔ آج صبح جب فریقین زمین پر کام میں مصروف تھے تو معمولی تکرار کے بعد معاملہ شدت اختیار کر گیا اور دونوں جانب سے اسلحہ نکل آیا۔
اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 45 سالہ محمد اسلم، اس کے دو بیٹے 17سالہ اظہر اور 19 سالہ مظہر، 30سالہ وسیم اور 28سالہ نیازی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ میں 30 سالہ سجاد، 60 سالہ امان اللہ اور 35 سالہ شفیع شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال بھکر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے 4 افراد کا تعلق ایک ہی گروپ سے ہے جبکہ ایک شخص دوسرے گروپ کا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ اور ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئی۔
آئی جی پنجاب نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او بھکر سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ پولیس کی مختلف ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں، تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔




