اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

بیوروکرپٹ کا لفظ استعمال کرنے پرمعروف کالم نگارتوفیق بٹ کو NCCIA کانوٹس،اے پی این ایس کی مذمت

لاہور (اے ون نیوز) بیوروکرپٹ کا لفظ استعمال کرنے پرمعروف کالم نگارتوفیق بٹ کو NCCIA نےنوٹس جاری کردیا جس کی مذمت کرتے ہوئے آل پاکستان نیوز پیپرسوسائٹی نے اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیدیا اور نوٹس فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

تفصیل کے مطابق”آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (APNS) کے صدر ناز آفرین سہگل لاکھانی اور سیکریٹری جنرل محمد اطہر قاضی نے کہا ہے کہ پاکستان ایڈمنسٹریٹرز اینڈ افسران ایسوسی ایشن کی شکایت پر ایک اخبار اور اس کے کالم نگار کو NCCIA کی جانب سے اس بنیاد پر نوٹس جاری کرنا کہ کالم میں سول سرونٹس کو بدنام کرنے کے لیے "بیوروکریٹس” (bureau corrupts) کی اصطلاح استعمال کی گئی، آزادیِ صحافت، عوامی مباحثے، اظہارِ رائے کی آزادی اور عوام کے حقِ آگاہی پر براہِ راست حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیکا کو سائبر جرائم کو کنٹرول کرنے اور سوشل میڈیا پر ڈیجیٹل جرائم کے خلاف قانونی کاروائی کے لیے قانونی فریم ورک کے طور پر تشکیل دیا گیا تھا۔ پیکا کے نفاذ کے وقت میڈیا اداروں کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ اس کا اطلاق پرنٹ میڈیا پر نہیں ہوگا کیونکہ اس کا دائرہ کار صرف سائبر جرائم کی حد تک محدود ہے۔

اخبار کے خلاف NCCIA کی کارروائی اس قانون اور ریگولیٹری ادارے کے اختیارِ سماعت اور دائرہِ اختیار کی کھلی خلاف ورزی ہے، جو پرنٹ میڈیا کے لیے ہرگز قابلِ قبول نہیں۔ کسی اخبار کے خلاف شکایات کے ازالے کے لیے مجاز ریگولیٹری ادارہ NCCIA نہیں بلکہ پریس کونسل آف پاکستان ہے۔

اے پی این ایس کے عہدیداران نے نشاندہی کی کہ پیکا کے تحت یہ کارروائی اخبارات کو ان کے صحافتی کام اور عوامی مفاد کے نگہبان کے طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے پر نشانہ بنانے کے مترادف ہے، یہ اقدام ایک خطرناک نظیر قائم کرے گا جو اعتماد کے فقدان کو جنم دینے، خوف کی فضا پیدا کرنے، خود ساختہ سنسرشپ کی حوصلہ افزائی کرنے اور جمہوری احتساب کو کمزور کرنے کا باعث بنے گا۔

اے پی این ایس کا پختہ یقین ہے کہ آزاد صحافت اس ماحول میں کام نہیں کر سکتی جہاں عوامی مفاد میں رپورٹنگ، تبصرے یا تنقید کرنے پر مجرمانہ تحقیقات کا خطرہ موجود ہو، ایسے نوٹس سائبر جرائم کے بارے میں نہیں بلکہ آزاد صحافت کو خاموش کرنے اور اس کا گلا گھونٹنے کے لیے جاری کیے جاتے ہیں۔

اے پی این ایس نے مطالبہ کیا کہ حکومت کو آئین کے آرٹیکل 19 کا احترام اور آزاد میڈیا کے تحفظ کے اپنے عزم پر قائم رہنا چاہیے۔ اے پی این ایس روزنامہ نئی بات اور اپنے فرائض کی انجام دہی کے باعث ہراسانی کا سامنا کرنے والے تمام میڈیا کارکنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اورہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اخبار کو جاری کیا گیا NCCIA کا نوٹس فوری طور پر واپس لیا جائے اور اخبارات، صحافیوں اور میڈیا اداروں کے خلاف پیکا کے غلط استعمال کو مکمل طور پر بند کیا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button