
نیویارک(اے ون نیوز) وینزویلا میں یکے بعد دیگر زلزلے کے شدید جھٹکوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، ابتدائی طور پر 32 ہلاکتوں اور 700 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، امریکی ماہرین کے مطابق زلزلے کے باعث ہزاروں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
وینزویلا میں 7.1 اور 7.5 شدت کے زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، 22 منزلہ عمارت سمیت متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، خوفزدہ شہری جان بچانے کے لیے گھروں اور عمارتوں سے نکل کر سڑکوں پر آ گئے، فوری طور پر سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی، جبکہ ملک بھر میں ایمرجنسی بھی نافذ کی جا چکی ہے۔
زلزلے کے باعث سکول اور ٹرین سروس معطل کر دی گئیں، بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
امریکی ماہرین کے مطابق زلزلے کے باعث وینزویلا میں ہزاروں اموات کا خدشہ ہے، زلزلے کا مرکز دارالحکومت کراکس سے 284 کلومیٹر مشرق میں تھا۔
وینزویلا کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے مائیکیتیا کو زلزلے سے ہونے والے ’شدید نقصان‘ کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔
وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے قومی ٹیلی وژن پر خطاب کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں ایئرپورٹ کے ٹرمینل کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے بعد اسے بند کر دیا گیا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا اور خطے کے دیگر ممالک میں بھی زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ ہوئی، کیلیفورنیا کے شمالی علاقوں میں 10 لاکھ افراد کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب شمالی جاپان میں 6.9 شدت کا زلزلہ آیا جس کے جھٹکے ٹوکیو میں بھی محسوس کئے گئے۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز ایواتی کا ساحلی علاقہ تھا، گہرائی 50 کلومیٹر تھی، حکام کے مطابق جس علاقے میں زلزلہ آیا وہ سب سے زیادہ خطرے کا زون ہے۔
جاپانی وزیر دفاع نے فوج کو زلزلہ زدہ علاقوں میں فضائی انٹیلی جنس جائزہ لے کر رپورٹ تیار کرنے ہدایت کی ہے۔




