
لاہور(اے ون نیوز)پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کے باعث بوسیدہ مکانوں کی چھتیں گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد سمیت چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔
واسا کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ بارش سگیاں میں 143ملی میٹر، فرخ آباد میں 141، پانی والا تالاب میں 129، اپرمال 106 اور لکشمی چوک میں 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔
بارش سےڈیوس روڈ ،شادمان، شاہ جمال اور گورنر ہاؤس کے قریب اسکواش کمپلیکس سمیت کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
واسا حکام کےمطابق لارنس روڈ ،چوک ناخدا،وارث روڈ ، ظہوالہی روڈ ،نابھا روڈ ، کریم بلاک راوی روڈ ، حاجی کیمپ ،جی پی او چوک سمیت بیشتر نشیبی علاقوں سے پانی نکال دیا گیا ہے۔
ریسکیوکےمطابق بارش کےباعث گڑھی شاہو ریلوے کالونی میں چھت گرنے سے معین، اس کی اہلیہ نورین اور بیٹی فاطمہ جاں بحق اور دوسری بیٹی زخمی ہو گئی جبکہ بیدیاں روڈ کے علاقے میں چھت گرنےسے اسلم ، احسن اور ممتاز بی بی زخمی ہو گئے۔
فیروز پور روڈ پر شاداب کالونی میلاد چوک کے قریب بھی چھت گر نے سے 4 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
لیسکو حکام کے مطابق بارش سے37 فیڈرز عارضی طور پر متاثر ہوئے جنہیں بحال کردیا گیا۔
دوسری جانب قصور میں بھی بارش سے مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں بچے سمیت 2 افراد جاں بحق 3 زخمی ہوگئے۔
اُدھر گجرات میں ریکارڈ 185 ملی میٹر بارش ہوئی اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔حافظ آباد سمیت متعدد شہروں میں نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ دریائے چناب میں تریموں بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جس کے باعث درجنوں آبادیاں زیر آب ہیں۔




