شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام، فورسز کی کارروائی میں خودکش سمیت 4 خوارج ہلاک

جنوبی وزیرستان(اے ون نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے چوکی پر دہشت گرد حملہ ناکام بنا دیا، جوابی کارروائی میں خودکش بمبار سمیت چار خوارج ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی۔
سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنایا۔ حملہ آور دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے چوکی کے احاطے سے باہر ہی گاڑی کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا،جس کے نتیجے میں خودکش بمبار ہلاک ہوگیا اور کوئی نقصان نہیں ہوا۔ باقی تین دہشت گرد قریبی عمارت میں چھپ گئے جہاں سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کرتے ہوئے تینوں کو ہلاک کر دیا۔
کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔




