
اسلام آباد(اے ون نیوز)حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا ہے، جس کے بعد پٹرول 364 روپے 35 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 385 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔ پٹرولیم ڈویژن نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 58 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 18 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے۔
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 364 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 385 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کے نئے نرخ فوری طور پر نافذ کردیئے گئے ہیں۔
گذشتہ روز بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا گیا تھا۔ پٹرول کی قیمت میں 12 روپے 90 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پٹرول 358 روپے 77 پیسے اور ڈیزل 381 روپے 77 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔
حالیہ مسلسل اضافوں کے باعث پٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے شہریوں کے سفری اخراجات بڑھنے کا امکان ہے۔ ڈیزل مہنگا ہونے سے مال برداری اور پبلک ٹرانسپورٹ کے اخراجات پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔
مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل ردوبدل کیا جارہا ہے۔ حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر قیمتوں کے روزانہ تعین کا طریقہ کار اختیار کیا ہے، جب کہ ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رکھنے کا طریقہ کار بھی نافذ ہے۔
17 جولائی سے اب تک پٹرول کی قیمت میں 14 مرتبہ کمی اور 21 مرتبہ اضافہ کیا جا چکا ہے، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 مرتبہ کمی اور 21 مرتبہ اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ چند روز کے دوران بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متعدد بار ردوبدل ہوا۔ 28 اگست کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی کی گئی، اس کے بعد پٹرول کی قیمت میں مختلف تاریخوں پر دوبارہ اضافہ کیا گیا۔




