کوہاٹ،پولیس لائنز کی مسجد میں خود کش حملہ،درجنوں افراد شہید

کوہاٹ(اے ون نیوز)کوہاٹ میں پشاور روڈ پر پرانی پولیس لائن میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد شہید ہوگئے۔
ترجمان ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا بلال احمد فیضی نے کہا کہ پرانی پولیس لائن کے قریب دھماکے کے بعد ریسکیو 1122 کا سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے، ریسکیو 1122 کے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران اب تک 15 افراد شہید جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوئے، زخمیوں کو موقع پر فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کرک اور ہنگو سے اضافی ایمبولینسز اور ریسکیو اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ پر جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں 20 ایمبولینسز، ریسکیو ویکلز، ریکوری وہیکل سمیت 60 سے زائد ریسکیو اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔
حکام نے کہا کہ پولیس لائنز کے احاطے میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا فتنہ الخوارج سے مقابلہ جاری ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے بعد ایک خود کش حملہ آور نےسپیشل برانچ بلڈنگ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا، اب تک ایک دہشتگرد سنائپر مقابلے میں جہنم واصل ہوچکا ہے، آپریشن تاحال جاری ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق دھماکے میں 5 پولیس اہلکار اور 11 سویلین شہید ہوئے ہیں۔




