
لندن (اے ون نیوز) برطانیہ میں امریکی فضائیہ کے زیر استعمال اہم ایئربیس RAF Fairford کے قریب پولیس نے سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ علاقے میں بڑے پیمانے پر ہنگامی کارروائی شروع کردی گئی۔
برطانوی پولیس کے مطابق گرفتار افراد پر Explosives Act کے تحت جرائم میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ فوج کی خصوصی بم ڈسپوزل ٹیم کو بھی طلب کرلیا گیا ہے جو ایئربیس کے اطراف موجود متعدد گاڑیوں کا معائنہ کر رہی ہے۔
رائٹرز کے مطابق مسلح پولیس اہلکاروں نے ایئربیس کے مرکزی دروازے کی جانب جانے والے راستوں کو بند کردیا، جبکہ فیئر فورڈ کے قریب تقریباً 30 ہنگامی گاڑیاں، جن میں پولیس کاریں، ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں شامل ہیں، موجود ہیں۔
گلوکوسٹر شائر پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد قریبی علاقے Whelford میں متعدد گھروں کو احتیاطی طور پر خالی کرایا جا رہا ہے۔ پولیس نے علاقے میں بڑے واقعے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
امریکی فضائیہ کے ترجمان نے ایئربیس پر کیے جانے والے مخصوص سیکیورٹی اقدامات کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں موجود امریکی فوجی یونٹس صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور اہلکاروں، شہری ملازمین، کنٹریکٹرز اور ان کے خاندانوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
RAF Fairford برطانیہ میں امریکی فضائیہ کے لیے ایک اہم اڈہ ہے اور یہاں امریکی فوجی طیاروں کی موجودگی بھی رہتی ہے۔ حالیہ عرصے میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث اس تنصیب کی سیکیورٹی خاص اہمیت اختیار کرچکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت نے جولائی میں اعلان کیا تھا کہ مسلح افواج ملک کو کسی بھی ممکنہ حملے سے محفوظ رکھنے کے لیے تیار ہیں۔ اس سے قبل ایران کے پاسداران انقلاب کی جانب سے بھی فیئر فورڈ سے امریکی بمبار طیاروں کی پروازوں کے حوالے سے انتباہ سامنے آیا تھا۔
برطانوی حکومت نے روس سے ممکنہ تخریبی کارروائیوں اور سائبر حملوں کے خدشات کے حوالے سے بھی اہم انفراسٹرکچر فراہم کرنے والے اداروں کو بریفنگ دی ہے۔ روس مغربی ممالک میں ہائبرڈ حملوں کے الزامات کی تردید کرتا ہے۔




