
راولپنڈٰی (اے ون نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر نے مولانا فضل الرحمٰن کے شہداء سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہادت کا فلسفہ اور شہداء پاکستان کی مسلح افواج کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، شہداء کی قربانیوں کی توہین کر کے بھارتی بیانیے کو تقویت دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج کے جوان ملک و قوم کے دفاع کے لیے اپنی قیمتی جانیں قربان کر دیتے ہیں، وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو محض تنخواہ سے جوڑنا ناقابلِ فہم ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی شخص محض تنخواہ کے لیے اپنی قیمتی جان قربان کرنے کو تیار ہوگا ؟ ایسی بات کرنا شہادت کے عظیم فلسفے اور وطن کے دفاع کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے جوانوں کی قربانیوں کو نہ سمجھنے کے مترادف ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی افواج کے جوان ملک اور قوم کے تحفظ کے لیے اپنی زندگی قربان کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں، شہداء کی قربانیاں پاکستان کے دفاع، سلامتی اور قومی وقار کی بنیاد ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی افواج اور خصوصاً کارگل کے شہداء کے بارے میں توہین آمیز گفتگو کر کے بھارتی مؤقف کو فروغ دینا افسوس ناک ہے، وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیے۔




