
لاہور(اے ون نیوز)انگلینڈ کے اوپنر ٹام بینٹن گزشتہ 4 اننگز میں مسلسل 4 نصف سنچریاں اسکور کرچکے تھے تاہم وہ شاہین آفریدی کی گیند پر زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔
80 میچز میں 150 وکٹیں مکمل
26 سالہ شاہین آفریدی نے اپنے 80 ویں ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 150 وکٹیں مکمل کرکے اہم سنگ میل عبور کرلیا اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے تیز ترین فاسٹ بولر اور مجموعی طور پر دوسرے تیز ترین پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔
اس طرح انہوں نے پاکستان کے سابق فاسٹ بولرز وقار یونس اور شعیب اختر کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے 91، 91 میچز میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں۔
پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 150 وکٹیں مکمل کرنے کا مجموعی ریکارڈ اب بھی سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کے پاس ہے، جنہوں نے صرف 78 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
تیز ترین 150 ون ڈے وکٹیں لینے والے پاکستانی بولرز
ثقلین مشتاق: 78 میچز
شاہین شاہ آفریدی: 80 میچز
وقار یونس: 91 میچز
شعیب اختر: 91 میچز
سعید اجمل: 93 میچز
عمر گل: 104 میچز
شاہین آفریدی 150 ون ڈے وکٹیں مکمل کرنے والے دنیا کے مشترکہ طور پر چوتھے تیز ترین بولر بھی بن گئے ہیں۔ اس عالمی فہرست میں نیپال کے سندیپ لامیچھانے 73 میچز میں 150 وکٹیں حاصل کرکے پہلے نمبر پر ہیں جب کہ آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے 77 میچز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔
ثقلین مشتاق نے 78 میچز میں 150 وکٹیں مکمل کیں جب کہ افغانستان کے راشد خان اور بھارت کے محمد شامی نے 80، 80 میچز میں یہ اعزاز حاصل کیا۔ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے 81 اور آسٹریلیا کے بریٹ لی نے 82 میچز میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں۔
قذافی اسٹیڈیم میں شاہین کی کارکردگی
شاہین شاہ آفریدی کی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کارکردگی بھی نمایاں رہی ہے۔ وہ اس میدان پر 6 میچز کھیل کر 16 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے اب تک 13 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں، جن میں سے 9 میں کامیابی حاصل کی ہے۔
شاہین آفریدی نے اس سے قبل اپنی بولنگ کی رفتار میں مسلسل کمی کے حوالے سے ہونے والی تنقید پر بھی بات کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی رفتار میں کمی آئی ہے، لیکن موجودہ صورتحال میں پاکستان ٹیم کو ان کی رفتار سے زیادہ وکٹوں کی ضرورت ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ 21 سال بعد قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 21 سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں مدمقابل آئیں۔ اس میدان پر دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ون ڈے میچ 12 دسمبر 2005 کو کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
سہ ملکی سیریز کے ابتدائی دونوں میچز جیتنے کے بعد پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف بھی کامیابی حاصل کرکے فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے میدان میں اتری۔
دوسری جانب بریسٹ کینسر سے آگاہی مہم کے سلسلے میں پاکستان کے کھلاڑی گلابی کٹ پہن کر میچ میں شریک ہوئے، تاکہ اس مرض کے بارے میں آگاہی کو فروغ دیا جاسکے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 150 وکٹوں کا ریکارڈ
ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے تیز ترین 150 وکٹیں لینے کا اعزاز سابق فاسٹ بولر وقار یونس اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کے پاس مشترکہ طور پر ہے۔ دونوں نے 27، 27 ٹیسٹ میچز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔




