
لاہور(اے ون نیوز) پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کارکن صنم جاوید نے لاہور کی فیملی کورٹ میں اپنے شوہر سے خلع کے لیے درخواست دائر کر دی۔
صنم جاوید خان نے لاہور کی فیملی کورٹ میں اپنے شوہر عتیق سے علیحدگی کے لیے ’خلع‘ کی درخواست دائر کر دی ہے،عدالت نے عتیق ریاض کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 نومبر تک اپنا جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
صنم جاوید اس وقت 9 مئی کے مقدمات کے سلسلے میں کوٹ لکھپت جیل میں قید کاٹ رہی ہیں،عدالت 25 نومبر کو ان کی خلع کی درخواست پر دوبارہ سماعت کرے گی۔ اس قانونی پیشرفت کی تصدیق ان کی وکیل بیرسٹر خدیجہ صدیقی نے سوشل میڈیا کے ذریعے کی ہے۔
ان کی قانونی ٹیم نے میڈیا اداروں، صحافیوں اور آن لائن تبصرہ نگاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی نجی زندگی (پرائیویسی) کا احترام کریں اور اس ذاتی خاندانی معاملے کے حوالے سے غیر ضروری قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔




