
لاہور( اے ون نیوز ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جو کرپشن کے خلاف محض باتیں نہیں کر رہا بلکہ عملی اقدامات اور مؤثر کارروائیاں بھی کر رہا ہے۔
اینٹی کرپشن پنجاب ایک شفاف ادارے کے طور پر کام کر رہا ہے جبکہ صوبے کے تمام محکموں میں داخلی احتساب کے تحت بدعنوان عناصر کے خلاف سخت محکمانہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
اپنے بیان میں وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر پولیس، پیرا اور دیگر متعلقہ محکموں میں باڈی کیمروں کا استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے۔
سرکاری اداروں میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے تاکہ ڈیجیٹل شواہد محفوظ کیے جا سکیں اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں نہ سفارش چلتی ہے اور نہ رشوت کی کوئی گنجائش ہے۔ حکومت شفافیت، میرٹ اور جوابدہی کے اصولوں پر عمل پیرا ہے اور کسی بھی سطح پر بدعنوانی برداشت نہیں کی جا رہی۔
پنجاب کی کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، تاہم بعض بے روزگار افراد ملازمت کے حصول کی کوشش میں دن رات پنجاب کو بدنام کرنے کے مشن پر لگے ہوئے ہیں۔ جب مقصد صرف ملازمت کا حصول ہو تو پنجاب اور مریم نواز کی کارکردگی ایسے عناصر کے اعصاب پر سوار رہتی ہے۔




