اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

دنیا بھر میں ہندو برادری آج دیوالی کا تہوار منا رہی ہے

لاہور(اے ون نیوز)پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہندو برادری آج دیوالی کا تہوار بھرپور روایتی جوش و جذبے اور مذہبی عقیدت کے ساتھ منا رہی ہے۔

اس موقع پر لاہور میں دیوالی کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شرکت کی، جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت سیاسی قیادت نے ہندو برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہندوبرادری کودیوالی کی مبارکباد دیتےہوئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا،وزیراعظم کا کہنا تھاکہ دعا ہے روشنیوں کا یہ تہوار سب کےلیے امن،صحت، خوشیوں اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔

صدرمملکت آصف علی زرداری نےہندو برادری کیلئےدِلی مبارکباد اورنیک تمناؤں کااظہارکیا،کہاکہ پاکستان کی ہندوبرادری قومی زندگی کا لازمی حصہ ہے،ملک کی سماجی، ثقافتی، اقتصادی ترقی میں ہندو برادری کی خدمات لائقِ تحسین ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دیوالی کے موقع پر اپنے پیغام میں دنیا بھر، بالخصوص پاکستان میں مقیم ہندو برادری کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہندو برادری قومی تشخص کا قابل قدر حصہ ہے اور ملک کی سماجی، ثقافتی اور اقتصادی ترقی میں اس کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی مذہبی اور ثقافتی رنگا رنگی پر فخر کرتا ہے۔ آئین تمام اقلیتوں کے مذہبی اور شہری حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے اور حکومت بلا تفریق مذہب، عقیدہ، رنگ و نسل تمام شہریوں کے حقوق، وقار اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مذہبی ہم آہنگی، اتحاد اور باہمی احترام کا فروغ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایک پُرامن، خوشحال اور جامع معاشرے کی تشکیل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے بھی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہندو بہن بھائیوں کے آنگن آباد رہیں، ان کے بچے خوش رہیں اور ان کے خواب روشن ہوں۔

دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ہندو برادری کے وفد سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ دیوالی کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر انہوں نے ہندو برادری کو تہوار کی مبارکباد دی۔

واضح رہے کہ دیوالی ہندو مذہب کا اہم تہوار ہے، جسے روشنیوں کے تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر گھروں اور عبادت گاہوں کو چراغوں اور روشنیوں سے سجایا جاتا ہے، جبکہ خاندان اور دوست ایک دوسرے کو مبارکباد اور تحائف پیش کرتے ہیں۔ رواں سال دیوالی 8 نومبر کو منائی جا رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button