
لندن(اے ون نیوز)برطانوی ہوم آفس کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران برطانوی شہریت حاصل کرنے والوں میں بھارتی اور پاکستانی سرفہرست رہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ستمبر تک 12 ماہ کے دوران پناہ کی درخواست دینے والوں میں ایک تہائی کمی واقع ہوئی اور اس دوران 74 ہزار افراد نے پناہ کی درخواست دی جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 33 فیصد کم ہے۔
ہوم آفس کے مطابق اس کمی کی بڑی وجہ غیر قانونی راستوں سے آنے والوں کی درخواستوں میں کمی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانوی شہریت کے حصول کے لیے درخواست دینے والوں کی تعداد 3 لاکھ 20 ہزار کی ریکارڈ سطح تک جاپہنچی جوکہ گزشتہ برس کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ رہی۔
برطانوی شہریت حاصل کرنے والوں کی تعداد 10 فیصد اضافے کے ساتھ 2 لاکھ 65 ہزار ہوگئی، برطانوی شہریت حاصل کرنے والوں میں بھارتی اور پاکستانی سرفہرست رہے۔
برطانوی ہوم سیکرٹری شبانہ محمودکا کہنا ہے کہ یہ سب اتفاقاً نہیں ہوا بلکہ اس کے لیے حکومت نے اقدامات کیے، نیٹ مائیگریشن کو سابقہ دور میں اس کی بلنف ترین سطح سے 92 فیصد کم کرکے77 ہزار پرلے آئے ہیں، اصلاحات سے منصفانہ امیگریشن نظام بنائیں گے جس میں حصہ ڈالنے والوں کو صلہ ملےگا۔
ہوم آفس کا کہنا ہے کہ 93 ہزار پناہ طلب کرنے والوں کو اسائلم سپورٹ دی جارہی ہے جوگزشتہ برس کےمقابلے16 فیصد کم ہے، رہائشی سہولت حاصل کرنے والے 1195 افراد کو سابق فوجی اڈوں پر رکھا گیا ہے جبکہ رواں برس مجموعی طور پر 52 اسائلم ہوٹلوں کو بند کیا گیا اور اب صرف 140 زیر استعمال ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لیبر حکومت نے موجودہ پارلیمنٹ کے اختتام تک تمام اسائلم ہوٹلوں کو بند کرنے کا وعدہ کیا ہے۔




