
اسلام آباد(اے ون نیوز)بجلی صارفین پر ایک بار پھر بڑا بوجھ ڈالنے کی تیاریاں جاری ہیں جب کہ ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں بجلی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمت بڑھانے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس کے بعد اتھارٹی نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) حکام کے مطابق اکتوبر 2026 میں بجلی کی مجموعی پیداوار 10 ارب 66 کروڑ یونٹ جب کہ نومبر میں 10 ارب 74 کروڑ یونٹ ریکارڈ کی گئی جب کہ بجلی کی پیداوار میں مہنگے ذرائع کا استعمال بڑھنے سے پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا۔
سی پی پی اے نے کہا کہ اکتوبر میں ہائی اسپیڈ ڈیزل سے بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت 69 روپے 59 پیسے اور فرنس آئل سے 46 روپے 43 پیسے رہی جب کہ گزشتہ ماہ ایل این جی سے بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت 28 روپے 74 پیسے رہی۔
حکام کے مطابق بجلی کی کھپت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ نومبر میں صنعتی شعبے کی کھپت 8 فیصد، تجارتی شعبے کی 5.9 فیصد جب کہ گھریلو صارفین کی کھپت میں 0.6 فیصد اضافہ ہوا۔
نیپرا نے سی پی پی اے کے پیش کردہ اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد بجلی مہنگی کرنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
اتھارٹی اعداد و شمار کی جانچ پڑتال کے بعد اپنا حتمی فیصلہ جاری کرے گی، جس کے بعد صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا تعین ہوگا۔




