واشنگٹن(اے ون نیوز)امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ان کی بہن فوزیہ صدیقی نے ایک اور ملاقات کی ہے۔
فوزیہ صدیقی میڈیاسے خصوصی گفتگو میں اپنی بہن عافیہ صدیقی سے ملاقات کا احوال سناتے ہوئے رو پڑیں اور کہا کہ درمیان میں شیشے کی دیوار حائل تھی، بہن کا ہاتھ تھامنے کی بھی اجازت نہیں تھی، ہاتھ پکڑ کر اسے تھوڑی تسلی ہی دے دیتی اور اس کی کچھ تکلیف ہی اپنے سر لے لیتی لیکن انہوں نے اس کی بھی اجازت نہیں دی۔
ان کا کہنا تھا میں نے کوشش کی کہ بہن عافیہ کو بچوں کی تصویر تو دکھا دوں، 20 سال بیت گئے ہیں اور بچے بہت بڑے ہو گئے ہیں لیکن انہوں نے بچوں کی تصویر بھی نہیں دکھانے دی، یہ تشنگی رہی۔
فوزیہ صدیقی کا کہنا تھا عافیہ صدیقی کا غم سنا، اس نے امی کا پوچھا لیکن عافیہ کو والدہ کے انتقال کا بتانے کی ہمت ہی نہیں پڑی اور میں اسے بچوں کے بارے میں باتیں کر کے ٹالتی رہی۔