سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، بھارتی سرپرستی یافتہ 22 فتنہ الخوارج ہلاک

راولپنڈی (اے ون نیوز ) سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ 22 خوارج کو ہلاک کردیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 17 مئی سے شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ میں کلیئرنس و سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثرانداز میں نشانہ بنایا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 22 بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج کو ہلاک کیا گیا۔
ہلاک ہونے والے بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ہلاک خوارج علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا مؤثر محاصرہ کر رکھا ہے۔
شواہد سے یہ بھی ثابت ہوا کہ خوارج نے مقامی آبادی کو دھمکیوں اور جبر کے ذریعے اپنے زیر اثر رکھا۔ خوارج نے محفوظ نقل و حرکت کیلئے مقامی آبادی کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ معصوم شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشتگردی مہم جاری رکھیں گے۔




