
اسلام آباد(اے ون نیوز) پاکستان کے سیاحتی مقامات اور ثقافت کو دنیا بھر میں متعارف کرانے والی آئرش نژاد معروف مصنفہ آئزوبل شا 83 برس کی عمر میں سوئٹزرلینڈ میں چل بسیں۔
آئزوبل شانے اپنی تحریروں اور سیاحتی رہنما کتابوں کے ذریعے ہزاروں غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان کی سیر، ثقافت اور تاریخی مقامات سے روشناس کرایا،وہ پہلی مرتبہ 1978 میں پاکستان آئی تھیں، جب ان کے شوہر رابرٹ شا کو فورڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے اسلام آباد میں نمائندہ مقرر کیا گیاتھا۔
وہ تقریباً 3 سال اسلام آباد میں مقیم رہیں، اس دوران انہوں نے اردو زبان سیکھی اور ہیلری ایڈمسن کے ساتھ مل کر پاکستان کے سفر سے متعلق ایک رہنما کتاب ’’اے ٹریولرز گائیڈ ٹو پاکستان‘ ‘لکھی جو 1981 میں اسلام آباد سے شائع ہوئی۔
ان کی 1989 میں شائع ہونے والی کتاب ’’پاکستان ہینڈ بک‘‘ کو تھامس کک ٹریول اینڈ گائیڈ بک ایوارڈز کے لیے مختصر فہرست میں بھی شامل کیا گیا جبکہ پاکستان سے متعلق ان کی تصاویر پر مشتمل سیاحتی گائیڈ کے 5 ایڈیشن شائع ہوئے،انہوں نے اپنے بیٹے بین شا کے ساتھ مل کر 1993 میں ’’پاکستان ٹریکنگ گائیڈ‘‘ بھی تحریر کی جبکہ قراقرم اور ہندوکش کے پہاڑی سلسلوں میں سیاحت اور ٹریکنگ سے متعلق ایک اور رہنما کتاب 2013 میں لاہور سے شائع ہوئی۔
ان کی تحریروں کو خطے کے دیگر مصنفین نے پاکستان کے بارے میں بہترین سیاحتی رہنمائی فراہم کرنے والی کتابوں میں شمار کیا،انہوں نے 1990 کی دہائی میں حکومت پاکستان کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں مشیر کی حیثیت سے بھی کام کیا اور 1993 میں کراچی میں منعقدہ پاکستان ٹورازم کنونشن سے کلیدی خطاب کیا،2005 کے تباہ کن زلزلے کے بعد متاثرین کے علاج کے لیے فنڈز جمع کرنے کی غرض سے بھی مختلف تقریبات سے خطاب کیا۔
ان کی آخری کتاب ’’ٹریکنگ گائیڈ ٹو دی قراقرم اینڈ ہندوکش آف ناردرن پاکستان‘‘ 2013 میں لاہور سے شائع ہوئی اسی سال وہ 70 برس کی عمر میں دوبارہ چترال بھی گئیں۔
1943 میں آئرلینڈ کے علاقے میتھ میں آئزوبل اوبیرن کے نام سے پیدا ہونے والی آئزوبل شا1981 سے جنیوا کے قریب مقیم تھیں،سفرنامہ نگار آئزوبل شا کے پسماندگان میں ان کے 3 بچے، 9 پوتے پوتیاں اور نواسی نواسے جبکہ ایک پڑنواسی شامل ہیں۔




