
اسلام آباد(اے ون نیوز)حوفاقی حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بڑی کمی اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 20 اگست کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کے طریقہ کار کی بنیاد پر نئی قیمتوں کا تعین کیا ہے۔
نوٹیکفیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 97 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 337 روپے 51 پیسے فی لیٹر قیمت مقرر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 32 روپے 63 پیسے کی بڑی کمی کی گئی ہے، اس کمی کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 363 روپے 06 پیسے ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 20 اگست کے لیے ہوگا۔
واضح رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 10 مرتبہ کمی اور 12 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 7 مرتبہ کمی ہوئی جب کہ 15 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال کے باعث حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ کی بنیاد پر تعین کا فیصلہ کیا ہے تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاتی اور قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 18 اگست کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول 3 روپے 34 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 27 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا تھا، اس اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 334 روپے 54 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 395 روپے 69 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
17 اگست کو بھی پیٹرول 5 روپے 77 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی 6 روپے 47 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا تھا گیا، اس اضافے کے بعد پیٹرول 331 روپے 20 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 390 روپے 42 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی تھی۔




