پاک افغان سرحد پر دراندازی کی 2 کوششیں ناکام، 13 دہشتگرد جہنم واصل

راولپنڈی (اے ون نیوز) سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی دو کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے 13 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔
پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع مہمند میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے دراندازی کی کوشش کی، جس پر سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
اسی طرح شمالی وزیرستان میں بھی دراندازی کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 5 دہشت گرد مارے گئے، اس طرح مجموعی طور پر ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 13 ہو گئی۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں افغان عبوری حکومت کی جانب سے مؤثر سرحدی نظم و نسق قائم کرنے میں ناکامی کو ظاہر کرتی ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ افغان حکام اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے استعمال سے روکیں اور اپنے شہریوں کو پاکستان میں دہشت گردی سے باز رکھیں۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے پُرعزم ہیں جبکہ علاقے میں موجود بھارتی حمایت یافتہ عناصر کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے تاکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔




